Friday, 17 October 2014

لمبے قد کا جیون ساتھی۔ عورتوں کی ترجیح


لمبے قد کا جیون ساتھی۔ عورتوں کی ترجیح

محقیقین کہتے ہیں کہ بات جب شادی کی ہو تومرد اور عورت دونوں آئیڈیل جیون ساتھی کی خصوصیات میں قد کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ عورتیں اپنے شریک حیات کو خود سے لمبا دیکھنا پسند کرتی ہیں اور مرد جیون ساتھی کے طور پر خود سے چھوٹے قد کی لڑکی کا انتخاب کرنا پسند کرتا ہے۔

”جرنل پبلک لائبریری آف سائنس ون ”میں اسی برس شائع ہونے والے تحقیقی مطالعےمیں پہلی بار قد کےعلاوہ دیگر خصوصیات کو مد نظر رکھتے ہوئے شریک حیات کا انتخاب کرنے کے حوالےسے دونوں جنسوں کی ترجیحات پر تفصیلی تجزیہ پیش کیا گیا ہے ۔

برطانوی اور ڈچ محقیقین کی اس تحقیق میں ایک طویل مدتی صحت کے مطالعے میں شامل 12 ہزار 500 شادی شدہ برطانوی جوڑوں کےقد سے متعلق اعداوشمار کو استعمال کیا گیا۔

محقیقین نے کہا کہ ان کے لیے تحقیق کا نتیجہ حیرت انگیز نہیں تھا۔ تحقیق میں شامل اکثریتی جوڑوں میں مرد کا قد لمبا تھا یعنی کل 11 ہزار 500 یا 92.5 فیصد جوڑوں میں شوہر کا قد اپنی شریک حیات کے مقابلے میں لمبا تھا جن میں مردوں کا اوسطا قد 5 فٹ 10 انچ اورعورتوں کا قد 5 فٹ ساڑھے 4 انچ تھا اور دونوں کے قد میں ساڑھے 5 انچ کا فرق موجود تھا۔

تحقیق کاحصہ بننے والے 511 یا صرف 4 فیصد جوڑوں میں بیویوں کا قد اپنے شوہروں کے مقابلےمیں زیادہ تھا جبکہ ایک ہی قد کے حامل جوڑوں کی تعداد 425 یا 3.5 فیصد تھی۔

محقیقین نےاندازہ لگایا گیا ہے کہ عام طور پر بلند قامت افراد اپنے شریک حیات کو لمبا دیکھنا پسند کرتے ہیں لیکن یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ عورتیں قد کے معاملے میں زیادہ حساس ہوتی ہیں اور اپنے شریک حیات کو خود سے بہت زیادہ لمبا دیکھنا بھی پسند نہیں کرتی ہیں جبکہ اس نظریہ کے بر خلاف بہت زیادہ لمبے مردوں کی بیویاں چھوٹے قد کی تھیں۔

محقیقین نے بتایا کہ، اگرچہ شریک حیات کا انتخاب کرنے میں بہت زیادہ لمبا قد پسند نہیں کیا جاتا ہے اور ایسے جوڑوں کی تعداد صرف 14 فیصد تھی جن میں شوہروں کا قد بیوی کے مقابلے میں 10 انچ لمبا تھا تاہم شوہر اور بیوی کے درمیان 7 انچ کا فرق ایک قابل قبول فرق سمجھا جاتا ہے۔

محقیقین کا کہنا تھا کہ ، تحقیق میں شامل ایسےجوڑے جن میں شوہرکا قد اپنی بیوی کے مقابلے میں کم تھا ان کے قد میں بہت ہی معمولی نوعیت کا فرق تھا اسی طرح زیادہ تر برطانوی جوڑے جن میں شوہر اپنی بیوی سے لمبی قامت رکھتے تھے ان کا قد اپنی شریک حیات سے 2 انچ سے 8 انچ تک اونچا تھا ۔

‘نیو کاسل یونیورسٹی’ سے تعلق رکھنے والے پروفیسر ڈینیئل لیٹن نے کہا کہ،” عام طور پر بہت زیادہ لمبے مردوں کے پاس شریک حیات کا انتخاب کرنے کے لیے چوائس کم ہوتی ہے ۔”

نیدرلینڈ کی’ یونیورسٹی گروننگن ‘ سے منسلک تحقیق کے مصنف ماہر نفسیات گرٹ اسٹیلپ نے کہا کہ ، ”ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ،عورتیں قدرتی طور پر اپنے شوہر کو خود سے زیادہ لمبا دیکھنا پسند کرتی ہیں جبکہ ، مرد شریک حیات کے قد کو بہت زیادہ اہمیت نہیں دیتے ہیں چاہے بیوی ان سے قد میں بہت زیادہ چھوٹی کیوں نہ ہو لیکن اس معاملے میں عورتوں کی ترجیح خود سے لمبا مرد ہوتی ہے ”۔