Monday, 9 June 2014

ہڈیاں مضبوط کرنے والی غذائیں


ہڈیاں مضبوط کرنے والی غذائیں

انسانی جسم کی بہترین نشوونما کے لئے ہڈیوں کی مضبوطی نہایت ضروری ہے، اور ہڈیوں کی مضبوطی کے لئے جسم کو کیلشیم اور وٹامن ڈی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہاں ہم آپ کو ایسی غذاﺅں کے بارے میں بتائیں گے، جو وٹامن ڈی اور کیلشیم سے بھرپور ہونے کی وجہ سے ہڈیوں کو مضبوط بنا سکتی ہیں۔

دہی: بیشتر لوگ سورج کی روشنی سے وٹامن ڈی حاصل کرتے ہیں لیکن ایسی غذائیں بھی موجود ہیں، جن میں یہ وٹامن کثیر تعداد میں پایا جاتا ہے، جیسے کہ دہی۔ ایک کپ دہی میں 30فیصد کیلشیم اور 20فیصد وٹامن ڈی ہوتا ہے، جو سارے دن کی جسمانی ضرورت کو پورا کر دیتا ہے۔

دودھ: کیلشیم اور وٹامن ڈی سے بھرپور دودھ کو ایک مکمل غذا کہا جاتا ہے۔ 8اونس دودھ میں 30فیصد کیلشیم اور ڈھیر سارا وٹامن ڈی ہوتا ہے، جو ہڈیوں کی مضبوطی کے لئے نہایت نفع بخش ہے۔

پنیر: پنیر کیلشیم سے بھرپور ہوتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ اسے ایک حد سے زیادہ استعمال کریں، کیوں کہ کسی بھی چیز کا حد سے زیادہ استعمال اس کے نقصان کا موجب بن سکتا ہے۔ ڈیڑھ اونس پنیر میں 30فیصد سے زائد کیلشیم ہوتا ہے، جو ایک روز کے لئے کافی ہے۔

مچھلی: مچھلی میں حیران کن طور پر وٹامن ڈی اور کیلشیم کی کثیر مقدار موجود ہوتی ہے۔ انڈہ: اگرچہ ایک انڈے میں صرف 6فیصد وٹامن ڈی ہوتا ہے لیکن یہ وٹامن کے حصول کا نہایت آسان ذریعہ ہے، دوسرا انڈے کی زردی وٹامن ڈی سے بھرپور ہوتی ہے۔

پالک: اپنی روز مرہ کی خوراک میں ایک دن پالک کے استعمال کو بھی یقینی بنائیں کیوں کہ اس میں نہ صرف 25فیصد کیلشیم ہوتا ہے بلکہ یہ فائبر، آئرن اور وٹامن اے سے بھی بھرپور ہوتا ہے۔ مالٹے کا جوس: مالٹے کے تازہ جوس میں براہ راست کیلشیم یا وٹامن ڈی تو نہیں ہوتا لیکن یہ ان اجزا کے حصول کو آسان بنا دیتا ہے۔ متعدد تحقیقات یہ ثابت کر چکی ہیں کہ مالٹے کے جوس میں موجود اسکوربک نامی ایسڈ جسم میں کیلیشم کو جذب کرنے کی صلاحیت بڑھا دیتا ہے۔