Monday 13 January 2014

سونف طبی افادیت کے آئینے میں


سونف گھریلو ضروریات میں استعمال ہونے والی کار آمد عام سی جڑی بوٹی ہے جو گھر کے باررچی خانہ میں موجود رہتی ہے۔ اس کا پودا ایک گز لمبا ہوتا ہے ، باریک باریک نرم و نازک پتوں والے اس پودے کے اوپری حصے میں الٹی چھتری کی طرح سونف کا کچھا لگتا ہے اور یہ پھول سونف کے دانوں میں بدل جاتے ہیں ، کچی سونف کی خوشبو دور سے آتی ہے۔ سونف کی دو قسم ہیں ایک بستانی اور دوسری جنگلی۔ بستانی سونف اگائی جاتی ہے جبکہ دوسری خودرو ہوتی ہے۔ بر صغیر میں زیادہ تر بستانی سونف استعمال کیا جاتا ہے۔

افعال و خواص: 
سونف ٹھنڈی میٹھی خوشبو دار، مخرج ریاح ہے مدر بول و حیض ، سینہ ، جگر تلی گردہ کے سدے کھولتی ہے ، کھانا ہضم کرتی ہے اور بھوک بڑھاتی ہے جبکہ معدے کی جلن کم اور پیاس بجھاتی ہے ، بینائی کی طاقت میں اضافہ کرنے کے ساتھ پان ، اچار سالن میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ 
اسے عربی میں راز یا نج ، فارسی میں بادیان ، سندھی میں وڈف جبکہ بنگالی میں میٹھا جیرا کہلاتی ہے۔ 

طبی استعمال: 
سونف کے ساتھ اس کی جڑ اور اس کا اوپر والا چھلکا دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ 

پیٹ میں درد: سونف 12 گرام ، اجوائن 12 گرام ، کالا نمک 6 گرام صاف کر کے باریک پیس لیں اور کھانے کے بعد سے استعمال کریں۔ اس کے استعمال سے معدہ درست ہو جائے گا۔ بھوک بڑھے گی اور کھانا بھی جلد ہضم ہوگا۔ 

نظر کی کمزوری:
سونف ، بادام ، مصری ہم وزن پیس کر ایک ایک چمچہ سفوف دودھ کے ساتھ صبح و شام استعمال کریں نظر کی کمزوری دور کرنے کے لیے فائدہ مند ہے۔ 

سر درد اور چکر کے لیے: 1 گرام سونف کو آدھے گلاس پانی میں خوب گھوٹ لیں ، اس میں شکر اور سفید مرچ کا سفوف شامل کر کے صبح و شام پئیں ، اس سے سر کے درد اور چکر میں افاقہ ہوگا۔ 

سینے اور معدے کی جلن کے لیے : 
سونف 12 گرام ، الائچی سبز 12 گرام ، پودینہ 6 گرام ! تمام کو باریک پیس کر 2 گرام صبح و شام استعمال کریں۔ پیٹ کی جلن ، ریاح ، معدہ کی گیس اور غذا کو ہضم کرنے میں بہت مفید ہے۔ 

حیض کی بے قاعدگی: سونف 1 گرام ، تخم گاجر 1 گرام کو پانی میں جوش دے کر گڑ 15 گرام شامل کر کے صبح و سوتے وقت استعمال کی جائے ، بے قاعدگی دور ہوجاتی ہے۔ 

دل کے لیے فرحت بخش: 
سونف 5 گرام ، الائچی سبز 3 عدد ، سونٹھ 2 گرام ، دارچینی 2 گرام ، خونجان 2 گرام ۔ تمام دوا کو چائے کے قہوہ کی طرح تیار کر کے صبح و شام پئیں۔ یہ دل کو قوت و فرحت دیتی ہے۔