Thursday 27 November 2014

مہندی (حِنا)


مہندی (حِنا)

اُمّ المومنین حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہ روایت فرماتی ہیں: "رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم کو زندگی میں نہ تو ایسا کویٔ زخم ہُوا اور نہ ہی کانٹا چبھا جس پر مہندی نہ لگائی گئ ہو"۔

رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم کے پاس جب بھی کوئی سر درد کی شکایت لے کر آیا تو آپ نے اسے پچھنے لگوانے کی ہدایت فرمائی، اور جس نے پیروں میں درد کی شکایت کی اسے مہندی لگانے کا مشورہ دیا گیا۔

ایک اور روایت کے مطابق سر درد میں بھی مہندی کا مشورہ دیا۔

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں: "نبی صلّی اللہ علیہ وسلّم نے فرمایا کہ یہودی اور عیسائی خضاب نہیں کرتے۔ تم ان کی مخالفت کرو"۔

عثمان بن عبد اللہ ابن موہم بیان کرتے ہیں: "میرے گھر والوں نے مجھے پانی کا پیالہ دے کر ام المومنین سلمہ رضی اللہ عنہ کےپاس بھیجا۔ اس میں نبی صلّی اللہ علیہ وسلّم کے بالوں میں سے چند بال تھے۔ اگر کسی کو نظر لگ جاتی یا کوئی اور تکلیف ہوتی تو وہ پیالہ میں پانی ام سلمہ کو روانہ کرتا (جس میں وہ پیالی ڈبو دیتی تھیں) میں نے جھیلے میں جھانک کر دیکھا کہ وہ بال سُرخ تھے"۔

حضرت انس رضی اللہ عنہ بن مالک، عبداللہ رضی اللہ عنہ بن عمر رضی اللہ عنہ اور جابر رضی اللہ عنہ بتاتے ہیں کہ رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم کے سر مبارک میں سفید بالوں کی تعداد بیس سے بھی کم تھی۔

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے کسی نے پوچھا کہ کیا رسول صلّی اللہ علیہ وسلّم خضاب لگاتے تھے۔ انہوں نے فرمایا "ہاں"۔

بشیر رضی اللہ عنہ بن خصاصیہ کی بیگم جہزمہ رضی اللہ عنہ روایت کرتی ہیں: "میں نے رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم کو گھر سے نکلتے دیکھا۔ وہ غسل کر کے تشریف لا رہے تھے۔ اس لئے اپنے سر کو جھاڑ رہے تھے۔ آپ کے سر پر مہندی کا رنگ نظر آ رہا تھا"۔

حضرت واثلہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی صلّی اللہ علیہ وسلّم نے فرمایا: "تمہارے پاس مہندی موجود ہے۔ یہ تمہارے سروں کو پر نور بناتی ہے تمہارے دلوں تو پاک کرتی ہے۔ قوتِ باہ میں اضافہ کرتی ہے اور قبر میں تمہاری گواہ ہو گی"۔

حضور اکرم صلّی اللہ علیہ وسلّم نے اپنا ہاتھ سر پر پھیرتے ہوۓ فرمایا "تمہارے لئے تمام خضابوں کی سردار مہندی ہے۔ جو کہ چہرے کو نکھارتی ہے اور قوتِ باہ میں اضافہ کرتی ہے"۔

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں: "مہندی لگاؤ کہ یہ جوانی کو بڑہاتی حسن میں اضافہ کرتی اور باہ کو بڑہاتی ہے۔"

حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں۔ نبی صلّی اللہ علیہ وسلّم نے فرمایا: "بڑھاپے کو بدلنے کی بہترین ترکیب مہندی اور وسمہ ہیں۔ مگر انہوں نے سیاہ رنگ سے نفرت فرمائی"۔

اس سے وہ وسمہ مراد نہیں جو ہمارے یہاں عام طور پر ملتا ہے۔جس سے بالوں کا رنگ بلکل سیاہ ہو جاتا ہے۔ کتم کا ایک حصّہ تین گنا مہندی میں ملا کر خضاب لگایا جاۓ تو مہندی کی سرخی گہرے بادامی رنگ میں تبدیل ہو جاتی ہی۔