Wednesday, 27 August 2014
زندگی کے چندمعمولات
زندگی کے چندمعمولات
انسان(1) اگر چربی، پروٹین اور دیگر شحمی مواد سے بھرپور غذا کھائے، تو اس کی آنکھوں کے آنسوئوں میں کولیسٹرول آنے لگتا ہے۔ اگر آپ کنٹیکٹ لینز پہنتے ہیں،تو یہ کولیسٹرول ان پر دھندلا غبار جما دیتا ہے۔ ذرا سوچیے، زائدکولیسٹرول کنٹیکٹ لینز برباد کر ڈالتا ہے، تو آپ کی شریانوں میں تو تباہی مچاتا ہوگا۔
(2)خشک برش سے دانت صاف کریں
اس طریق پر عمل کرنے سے دانتوں پر جما 60 فیصد میلکچیل(Tartar)صاف ہوجاتا ہے،نیز مسوڑھوں سے خون بہنے کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔ دانتوں کا اندرونی و بیرونی حصہ نرم بالوں والے سوکھے برش سے صاف کیجیے۔ پھر کلی کیجیے، تھوکیے اور برش دھو کر کچھ دیر ٹوتھ پیسٹ سے دانت صاف کریں۔
(3)ناشتا کبھی نہ چھوڑئیے
آسٹریلوی سڈنی یونیورسٹی کے محققوں نے ایسے پانچ سو مرد و زن پر نظر رکھی جنھوں نے اپنا 15سے 25کلو وزن کم کیا اور پھر پانچ برس تک خود کو اسمارٹ رکھا۔ اس تحقیق سے انکشاف ہوا کہ ان لوگوں میں80فیصد ہفتے کے تمام دن ناشتا کرتے تھے۔
(4)ہفتے میں ایک بار مچھلی کھائیے
وجہ یہ ہے کہ یہ عمل انسان کو دل کے دورے سے بچاتا ہے۔ دراصل مچھلی میں وافر موجود اومیگا 3فیٹی ایسڈ قلب کو تقویت پہنچاتا ہے۔ یہ غذائی تیزاب یا ایسڈ چکنی مچھلیوں میں زیادہ ملتے ہیں۔
(5)روزانہ وٹامن ای لیجیے
ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ ضدِ تکسید (Antioxidant)اور خون پتلا کرنے والی دوا کا یہ مرکب انسانی شریانوں میں جما مواد 80فیصد تک گھلا دیتا ہے۔ یہ دونوں ساتھ لینے کا فائدہ اتنا زبردست ہے کہ اگر مرد و زن اپنا کولیسٹرول کم نہ بھی کرسکیں، تو یہ طریق علاج ان کی شریانوں میں چربی جمنے نہیں دیتا۔
(6)دُکھی انسانیت کی مدد کیجیے
جو لوگ ہفتے میں کم از کم ایک دن رضاکارانہ سرگرمی انجام دیں، وہ دل کا سُکون پاتے ہیں۔ یہی نہیں، دوسروں کی نسبت اِن میں موت کا خطرہ 50 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
(7)پیٹ کی ورزش کریں
ڈاکٹروں نے تجربات سے جانا ہے کہ اگر انسان اپنے پیٹ کے عضلات مضبوط کرلے، تو درد کمر اسے تنگ نہیں کرپاتا اور عضلات قوی کرنے کا بہترین طریقہ پیٹ کی ورزشیں ہیں۔ ماہرین نے اس ضمن میں کرنچ (Crunch) کو مؤثر ورزش قرار دیا۔ کرنچ انجام دینے کا طریقہ یہ ہے کہ کمر کے بل لیٹیے۔گھٹنے اوپر کیجیے۔ پھر دونوں بازو گھما کر گردن پکڑئیے۔ اس کے بعد بالائی دھڑ جتنا اوپر اٹھا سکتے ہیں، اٹھائیے۔ اس دوران نچلے حصے میں جنبش نہیں ہونی چاہیے۔ روزانہ یہ ورزش بارہ تیرہ بار کیجیے۔
(8)چائے بس ایک پیالی
چائے کے شوقین یہ مشروب پینے پر آئیں، تو کئی پیالیاں چڑھا جاتے ہیں۔ حالانکہ اس کی فی پیالی دل کی 16دھڑکنیں فی منٹ بڑھا دیتی ہے۔ لہٰذا پرہیز نہ کرسکیں، تو ایک پیالی چائے ہی نوش کریں۔
(9)شادی کا بندھن محفوظ رکھیے
میاں بیوی میں محبت اور گھر میں افہام و تفہیم کا ماحول سبھی کو صحت مند رکھتا ہے۔ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ گھر میںناراضی و لڑائی جھگڑا رہے، تو بیمار ہونے کا خطرہ 35فیصد تک بڑھ جاتا ہے جبکہ عمر بھی اوسطاً چار برس کم ہوجاتی ہے۔
(10)ڈپریشن کو ورزش سے گھٹائیے
آج کی تیز رفتار زندگی میں انسان نہ چاہتے ہوئے بھی ذہنی و جسمانی دبائو کا نشانہ بن جاتا ہے۔ کئی مرد و زن پھر ادویہ کھا کر ڈپریشن ختم کرنے کی سعی کرتے ہیں۔ تاہم ورزش اس خلل کا بہترین قدرتی علاج ہے۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ روزانہ 40منٹ ورزش کیجیے تو ڈپریشن آپ کے نزدیک نہیں پھٹکے گا۔ درحقیقت باقاعدگی سے ورزش کا اثر پروزیک(اینٹی ڈپریسنٹ) دوا لینے جیسا ہے۔
(11)تکیے پر کتاب رکھیے
جی ہاں، یہ دیکھنے کے لیے کہ کیا آپ کا تکیہ صحیح طرح سر اور گردن کو سہارا دیتا ہے۔ طریق کار یہ ہے کہ تکیہ دہرا کرکے اس کے اوپر کتاب رکھیے۔ اگر تکیہ واپس سیدھا ہوجائے،تو وہ ٹھیک ہے نہ ہو، تو تکیہ بدل دیجیے۔
(12)’’کر‘‘ سے تھکن اتارئیے
کئی مرد و زن رات کے ایک دو بجے اٹھ بیٹھتے ہیں۔ پھر انھیں نیند نہیں آتی اور وہ کروٹیں بدلتے ساری رات گزار دیتے ہیں۔ یہ خلل’’کر‘‘ (Kur)طریق سے دور کیجیے جویورپی ڈاکٹر اکثر تجویز کرتے ہیں۔
طریق عمل یہ ہے کہ اگر آپ جلد اٹھ بیٹھیں، تو ایک تولیہ پانی میں بھگوئیے، پھر بازو، ٹانگوں اور بالائی جسم پر ہولے ہولے تولیہ پھیریے۔ بعد ازاں بستر پر لیٹ جائیے۔ انسان جب نیند سے جاگے تو اس کا جسم بڑا گرم ہوتا ہے۔ بستر میں دوبارہ لیٹنے سے وہ مزید گرم ہوجاتا ہے۔ چناں چہ تب گہری اور میٹھی نیند آتی ہے۔
(13)لیٹ کر اللہ کے ناموں کا ورد کیجیے
جلد ہی جلد کو آرام اور آنکھوں کو سکون محسوس ہو گا۔ عام تجربہ یہ ہے کہ نیند نہ بھی آرہی ہو تو شیطان اللہ کے ناموں سے گھبرا کر انسان کو لوری دے کر سلا دیتا ہے۔ آپ بھی لوری کا مزہ لے کر دیکھیں۔