Sunday 24 November 2013

کمر درد کے بہترین گھریلو نسخے


خواتین کو اکثر کمر درد کی شکایت رہتی ہے۔ کمر میں دکھن اور عرق النسا (Sciatica) بھی یہی ہوتا ہے۔ کمر کے نچلے حصے کا درد مردوں کی بہ نسبت خواتین کو زیادہ ہوتا ہے۔
ہڈیوں کے عارضے کی وجہ سے کمر درد کی خواتین مریض عام دیکھنے میں آتی ہیں۔ اس کی مختلف وجوہات ہیں جیسے یہ درد وزن اٹھانے یا جھکنے پر ہوتا ہے جس کی بالعموم ناف ٹلنا کہا جاتا ہے۔ جسمانی وضع قطع بالخصوص موٹاپے کی بناپر کمر درد۔ مہروں، کمر یا پشت کے باہر متصل مہروں میں پیدائشی نقص، پشت کے عضلات کی سوزش کی بنا پر کمر درد۔ مہروں کا کھسک جانایا حرام مغز کا دب جانا۔ بعض اوقات یہ درد زیادہ آرام یا ورزش کرنے سے بھی ہو جاتا ہے۔ کمر کے نچلے حصے کا سوتے وقت چت لیٹنے یا کروٹ لینے پر بھی شروع ہو جاتا ہے۔ درد گردہ کی وجہ سے بھی پشت کے ایک طرف درد چھڑ جاتا ہے اسی طرح قبض، کسی ہیباری یا کینسر کی وجہ سے بھی کمر کے نچلے حصے میں درد رہتا ہے۔ نفسیاتی دباؤ سے بھی کمر درد اٹھتا ہے۔

کمر کا نچلا حصہ ہمارے جسم کا بوجھ سنبھالے ہوئے ہے۔ کمر کو موڑتے، گھماتے، جھکتے وقت اسی حصے کوحرکت کرنا ہوتی ہے۔
دوران حمل مریضہ کو کھچاؤ، اعصابی تنائی سے واسطہ پڑتا ہے۔ یہ کھچاؤ خواتین میں کمر درد کی سب سے عام قسم ہے۔ ایسی حالت میں کمر پر زیادہ بوجھ لادنے، کمر کو جھٹکالگنے کی صورت میں درد شدت اختیار کر سکتا ہے۔
جدید ادویات کے ماہرین بھی مختلف امراض کے علاج میں نباتاتی ادویہ کو آزمانے کے بعد انہیں تجویز کرنا اپنا معمول بناچکے ہیں۔

-1 لہسن کے دو یا تین جو چھیل کر صبح نہار منہ استعمال کرنے سے کمر درد کو افاقہ ہوتا ہے۔ اس کا تیل نکال کر کمر پر ملنے سے فوری آرام آتا ہے۔
-2 لیموں کا استعمال بھی خواتین کو کمر درد سے نجات دلاتا ہے۔
-3 چند دن تک آلو کھانے سے کمر کے نچلے حصے کا درد دور ہوتا ہے۔
-4 مچھلی کا تیل: اگرچہ یہ مہنگا علاج ہے مگر ہے انتہائی موثر۔ مچھلی کا تیل پینے سے کمر کے نچلے حصے، جوڑوں اور کلائیوں کے درد سے یقینی چھٹکارا ہوتا ہے۔
-5 میٹھا سوڈا اور خوردنی نمک کا پیسٹ بنا کر کمر پر ملنے سے کمر درد فوری دور ہو جاتا ہے۔
-6 سخت بستر یا فرش پر سونا بھی مفید ہے۔ پیٹ کے بل لیٹنے سے احتراز کریں۔
-7 عارضی آرام کیلئے گرم پانی یا روشنی کے لیمپ سے ٹکور کریں۔
-8 گرم دودھ میں میٹھا سوڈا اور نمک ملا کر پینا بھی فوری آرام دیتا ہے۔
-9 مہرہ کھسک جانے سے ہونے والے درد سے نجات کیلئے سورنجاں (شیریں) بہترین علاج ہے۔
-10 فلفل دراز یا مگھاں پیس کر درد والی جگہ لگائیں، اگرچہ اس سے وقتی طور پر جلن سی پید ہو گی مگر وہی جلن آپ کیلئے مفید ہے۔
-11 ہینگ معمولی قسم کے درد کمر کا بہترین علاج ہے۔
-12 ادرک کا حلوہ استعمال کرنے سے ریاحی کمر درد دور ہو جاتا ہے۔

-13 ہلدی بہترین دافع سوزش جڑی ہے۔ اس کو گرم دودھ کے ساتھ پینے، اسے صابن کے ساتھ ملا کر یا توے پر تیل کے ساتھ ملا کر درد والی جگہ رکھ کر اوپر سے روئی باندھ دی جائے تو درد سے نجات مل جاتا ہے۔