Sunday 24 November 2013

سردرد اور طب نبوی صلی اللہ علیہ وسلم



ابن ماجہ نے اپنی سنن میں اس سلسلے میں ایک ایسی حدیث بیان کی ہے جس کی صحت محلل نظر ہے۔
تاجدار انبیاء صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کو جب کبھی درد سر ہوتا تو آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم اپنے سر پر مہندی کا لیپ کرتے۔ مہندی کا پلاسٹر چڑھاتے اور فرماتے کہ یہ صداع کے لئے خدا کے حکم سے نافع ہے۔ (ابن ماجہ)
حضرت سلمٰی رضی اللہ تعالٰی عنہا جو تاجدار مدینہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی خادمہ ہیں، وہ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے پاس جو کوئی بھی درد سر کی بیماری کی شکایت کرتا، حضور نبی کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم اسے فرماتے کہ سینگی لگوالو اور پاؤں میں جو درد کی شکایت کرتا، آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم اسے فرماتے کہ مہندی لگالو۔ (ابو داؤد۔ مشکوٰۃ)
خیال رہے کہ سینگی یا پچھنے لگانا سر کی ان بیماریوں میں نسبتاً زیادہ فائدہ بخش ہے جو دموی (خونی) ہوں۔ خون کی کمی ہو تو سینگی یا پچھے نہ لگوائے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا، جو شخص چاند کی سترہ، انیس یا اکیس تاریخ کو سینگی کھچوائے، اس کے لئے ہر بیماری سے شفاء ہوتی ہے۔ (ابو داؤد شریف)
سرکاردوعالم نےنے فرمایا۔ سر میں پچھنے لگوانا سات امراض کی شفاء ہے۔
(1) جنون (2) حد (3) جذام (4) برص (5) درد داڑھ (6) طلمت چشم (7) درد سر۔
مذید فرمایا جو شخص پچھنے لگتے وقت آیت الکرسی پڑھتا ہے۔ اس کو پچھنے کا نفع پہنچتا ہے۔ پچھنے لگانے کے فوراً بعد دودھ یا دودھ کی بنی ہوئی کوئی شے مثلاً پنیر وغیرہ نہ کھائے بلکہ شیرنی اور سرکہ کھائے اور اس کے بعد عورتوں کے قریب نہ جائے۔ پچھنے لگوانے سے ایک روز پہلے عورتوں کے پاس نہ جائے۔
(نزہتہ المجالس۔ اول)
سینگی کھنچوانا یا پچھنے لگوانا بالیقین بہت فائدہ بخش چیز ہے مگر ان ایام میں کہ جن میں حضور نبی کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے ممانعت فرمائی ہے ورنہ بجائے فائدہ کے نقصان کا اندیشہ ہے۔

حضرت کبثہ ابی بکرہ رضی اللہ تعالٰی عنہا راوی ہیں کہ میرا باپ منگل کے دن اپنے اہل خانہ کو سینگی لگوانے سے روکتا تھا اور تاجدار مدینہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا فرمان نقل کرتا تھا کہ آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ منگل کے دن خون کے جوش کا دن ہے اور اس میں ایک ایسی ساعت آتی ہے کہ جس میں خون نہیں تھمتا۔ (ابو داؤد۔ مشکوٰۃ)

حضرت زہری رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مرسلاً مروی ہے کہ تاجدار رسالت صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا، “جو شخص ہفتہ یا بدھ کے روز سینگی کچھوائے یا لیپ کرے تو اسے (العیاذ باللہ تعالٰی) کوڑھ ہو جائے تو اپنے آپ کو ملامت کرے۔ (مشکوٰۃ)