Thursday, 11 September 2014

فیشل اور چہرے کی خوبصورتی


فیشل اور چہرے کی خوبصورتی

میک اپ کرنے سے پہلے جلد کی صفائی ضروری ہے اور وہ صفائی آپ کو فیشل سے حاصل ہو سکتی ہے۔ فیشل کا طریقہ درست نہ ہو تو چہرہ خوبصورت ہونے کی بجائے بدصورت بھی ہو سکتا ہے ۔ چہرے کے لئے فیشل ضروری ہے اس لئے کہ فیشل چہرے کی خوبصورتی اور اس کی زندگی بڑھاتا ہے بلکہ اگر چہرہ فیشل کے بغیر 40سال تک خوبصورت رہ سکتا ہے تو فیشل سے چہرے کی خوبصورتی مزید 10سے 15سال بڑھ جائے گی اور اگر مسلسل دیکھ بھال کی جائے تو بڑھاپے تک چہرے کو خوبصورت اور جھریوں سے پاک رکھا جا سکتا ہے۔ ہم آپ کو یہ بتاتے چلیں کہ فیشل جتنا آسان سمجھا جاتا ہے اس سے کہیں زیادہ مشکل ہے کیونکہ فیشل کا تعلق عمر سے بھی ہے اور فیشل کرانے کی عمر کم از کم 25سال ہونی چاہئے۔ پھر فیشل کے لئے چہرے کی جلد بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ جلد کیسی ہے؟ اس کے علاوہ یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ فیشل کرانے والے کے چہرے پر دانے یا کیل مہاسے تو نہیں ؟ یا چہرے پر بلیک ہیڈر ز تو نہیں ؟ جلد موٹی ہے یا باریک اور یہ کہ چہرے پر جھریاں تو نہیں ؟ وغیرہ وغیرہ ۔ یہ سب جاننا اس لئے ضروری ہے کہ چہرے کی کیفیت کے حساب سے فیشل کیا جائے کیونکہ ہر چہرے کے لئے ایک ہی طرح کا فیشل نہیں ہوتا اور مختلف چہروں کے لئے مختلف کلینزنگ ملک، اسکن ٹانک، سوتھنگ لوشن او ر فیس ماسک ہوتے ہیں۔ اس کے بعدفیشل کرانے والے کاٹمپریچر اور بلڈ پریشر چیک کیا جاتا ہے۔ اگر ٹمپریچر اور بلڈپریشر دونوں نارمل ہوں تبھی فیشل کی شروعات کرتے ہیں ورنہ فیشل میں مساج کرنے اورا سٹیم دینے سے بلڈپریشر میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جو نقصان دہ ہے۔ جلد کی توعیت اور ٹمپریچر و بلڈپریشر چیک کرنے کے بعد جب یہ اطمینان ہو جائے تو اس چہرے پر فیشل ہوسکتا ہے تو سب سے پہلے کلینزنگ ملک سے چہرے کو صاف کر لیں اور اس کے بعد چہرے کو ٹشو پیپر سے صاف کر کے اس پرا سکن ٹانک لگائیں ۔ پھر چہرے پر مناسب موئسچرائز ر سے مساج کریں۔
بھاپ
تقریباً آدھا گھنٹہ مساج کرنے کے بعد چہرے کو ٹشو پیپر سے صاف کریں تب اسٹیمر سے چہرے کو بھاپ دیں اگرا سٹیمر نہ ہو تو ایک کھلے منہ کی دیگچی میں پانی ابال لیں پھر بھاپ کے اوپر منہ رکھ کر اور ایک بڑے تولیے سے چاروں طرف سے ڈھانپ لیں تاکہ بھاپ باہر نکلنے نہ پائے۔ تقریباً دس سے پندرہ منٹ بھاپ لیں اس کے بعد تولئے سے منہ رگڑ رگڑ کر صاف کریں ۔ بھاپ لینے کے فوراً بعد کھلی ہوا میں نہ جائیں۔ اس طرح فائدے کی جگہ نقصان ہو سکتا ہے۔
ماسک
چہرے کی حفاظت اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے کئی جتن کئے جاتے ہیں۔ خواتین اس معاملے میں بہت حساس ہوتی ہیں۔ چہر ے کا معاملہ ہی کچھ ایسا ہے کہ اس کی حفاظت و صفائی ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں بازار میں کریمیں ، لوشن اور مختلف آرائشی اشیاءدستیاب ہیں جو افزائش حسن میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ فیشل آج کل کی خواتین کی ضرورت بن گیا ہے۔ فیشل کا ایک اہم حصہ ماسک لگانا ہے اس کا استعمال جلد کو ترو تازہ رکھتا ہے۔ چہرہ میں چمک ، ملائمت اور رنگت پیدا کرنے کے لئے ہفتے پندرہ دن بعد ماسک لگانا مفید ہے۔ اردو زبان میں ہم اسے چہرے کا لیپ بھی کہہ سکتے ہیں۔ ماسک کے چند نسخے درج ذیل ہیں۔ان نسخوں کو آزمائیں یقینا آپ اپنے چہرے میں پہلے سے زیادہ دلکشی محسوس کریں گے۔
پہلا طریقہ
باداموں کا سفوف ایک چھوٹا پیالہ لے کر اس میں آکسائیڈ آف ہائیڈروجن اس مقدار میں ملائیں کہ وہ محلول کی مانند گاڑھی ہو جائے۔ اسے تیار کرنے کے بعد باریک کپڑا لیں جو چہرے کے برابر ہو۔ اس میں ناک اور آنکھوں کی جگہ سوراخ کر لیں لیکن یہ سوراخ زیادہ بڑے نہیں ہونے چاہئیں۔ اس کپڑے پر محلول کو اچھی طرح پھیلا لیں اب آرام سے لیٹ کر اس کپڑے کو چہرے پر چپکالیں۔ اپنے قریب کسی برتن میں گرم پا نی کا انتظام پہلے سے کر کے رکھیں جس میں فلا لین یا اسفنج کاٹکڑا ہونا چاہئے۔ اسے پانی میں بھگو کر نچوڑ لیں اور چہرے پر رکھ لیں۔ باری باری تمام چہرے پر اس سے سینکائی کریں۔ جب ٹھنڈا ہونے لگے تو پھر اسے پانی میں ڈبولیں۔ یہ عمل 40 منٹ تک جاری رکھیں۔ اس کے بعد نیم گرم پانی سے لیپ اتار کر چہرہ دھولیں۔ چہرہ تو لئے سے خوب خشک کریں اور ہلکی سی کریم لگا کر اس کا مساج کر کے ٹھنڈا پانی چہرے پر ڈالیں۔ اب آئینہ میں اپنی شکل دیکھیں ۔ آپ واضح فرق محسوس کریں گی۔
دوسرا طریقہ
خشک جلد کے لئے روغن بادام کا ماسک بہترین ہے۔ پرانے قالین کا چہرے کے برابر ایک ٹکڑا لیں اور اسے ناک اور آنکھوں کی جگہ سے کاٹ کر سوراخ بنالیں۔ بادام روغن گرم کریں اور اسے کپڑے پر اچھی طرح لگا کر چہرے کو پہلے ماسک کی مانند ڈھانپ لیں لیکن تیل اس قدر گرم ہو جس سے آپ کی جلد کو کوئی نقصان پہنچنے کا اندیشہ نہ ہو۔ اس ماسک کو آدھا گھنٹہ چہرے کی جلد پر پیوست رہنے دیں۔ یہ ماسک رات کو لگا یا جائے تو بہتر ہے اس کو اتار کر کسی ملائم کپڑے سے تیل صاف کر لیں ۔ چہرے کو صبح نیم گرم پانی سے دھوکر صابن سے صاف کریں۔
تیسرا طریقہ
اگر آپ اپنی جلد کی رنگت کو نکھار نا چاہتی ہیں تو آلوکا ماسک لگائیں ۔کچا آلو چھیل کر اسے دو حصوں میں تقسیم کر لیں اور ایک ٹکڑا لے کر اچھی طرح کچل کر پاپیس کر کپڑے پر پھیلا کر چہرے لگائیں ۔ اسے بھی رات کو ہی استعمال کریں ۔ تمام رات میں اس کا عرق جلد میں جذب ہو جائیگا۔ صبح روئی کے پھاہے کو پانی میں ڈبو کر اس کی مدد سے چہرہ صاف کر لیں ۔ اس کے بعد منہ دھو لیں۔ شلجم اور گاجر کے پانی میں ابال کر انہیں کچل لیجئے اوراس آمیز ے کو تمام چہرے پر لگا کر آدھ گھنٹہ تک جذب ہونے دیں۔ وقت پورا ہونے پر دودھ میں بھیگی ہوئی روئی سے چہرے کو صاف کرڈالئے۔ یہ آپ کے چہرے کو میل سے صاف کر کے رنگ کونکھار دے گا۔